جس کا دل کرے میدان میں آ جائے ہمارے ڈرون تیار ہیں
07 جنوری 2021ء ) ایران واحد ملک ہے جس نے اس وقت تین چار محاذ کھول رکھے ہیں اور وہ کسی بھی عالمی ملک کے دباﺅ میں آ کرپیچھے ہٹنے کا مان ہی نہیں رہا بلکہ آگے سے آگے بڑھتا جا رہا ہے۔”ایرانی ملٹری ڈرون اس قابل ہیں کہ وہ دشمنوں کی جارحانہ کارروائی کا بروقت جواب دے سکیں“۔یہ الفاظ ہیں ایرانی کے ملٹری ترجمان محمود موسیٰ کے، جنہوں نے ملٹری بیس کا دورہ کرتے ہوئے خطاب کے دوران کہا کہ ایران اب تیار ہے،جس کا دل کرے میدان میں آ جائے ہم اپنے آپ کو تیار کر چکے ہوئے ہیں جو بھی دشمن حملہ کرے گا اسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہمارے ڈرون2ہزار کلومیٹر کی رینج میں کسی بھی دشمن کو ٹھکانے لگانے کے قابل ہیں۔
یاد رہے کہ ایران نے دو دن تک جوائنٹ اینڈ لارج ڈے ڈرون ڈرل کی تھی جس کے بعد کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے محمود موسیٰ نے اپنی پاور کا اعلان کیا تھا کہ ہم دشمن کے دانت توڑنے کے قابل ہو چکے ہیں۔اس مشق میں ایرانی ملٹری کے سینکڑوں ڈرونز نے شرکت کی تھی اور اسرائیل سمیت امریکہ کو یہ پیغام دینے کی کوشش کی گئی تھی کہ ہم کسی بھی غیر متوقع کارروائی کا ردعمل دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
یہ ڈرون ایران میں ہی تیار کیے گئے ہیں اور یہ لانگ اور شارٹ ٹارگٹ شوٹ کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔چونکہ آج کل امریکہ ایران پر حملہ کرنے کے لیے پر تول رہا ہے لہٰذا کسی قسم کے خطرے سے نبردآزما ہونے کے لیے ایران نے ملٹری مشقیں کر کے دفاعی پیغام دینے کی کوشش کی ہے۔اسرائیل جو کہ کچھ ہفتہ پہلے ایرانی نیوکلیئر سائنسدان کا خفیہ ایجنسیوں کے ہاتھوں قتل کرا چکا ہے وہ بھی ایران پر حملہ کرنے کے لیے تیار بیٹھا ہے۔
جب ایران نے یورینیم افزودگی کا اعلان کیا تھا تب اسرائیل نے ری ایکشن دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم ایران کو ایسا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔تاہم ایران نے اب واضح اعلان کیا ہے کہ وہ کسی کی دھمکی سے ڈرنے والا نہیں لہٰذا وہ ایٹمی ہتھیار بنانے کے لیے یورینیم کی افزودگی کا عمل جاری رکھے گااور اس پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے ڈرون تیار کھڑے ہیں اور وہ اینٹ کا جواب پتھر سے دے گا۔