گلگت،کورونا کی وجہ سے بند پاک-چین سرحد تجارت کیلئے کھول دی گئی
گلگت( این این آئی۔ 31 مئی2021ء) خنجراب پاس کے راستے کورونا وائرس کی وجہ سے بند پاک چین سرحد تجارت کے لیے کھول دی گئی۔چینی حکام کی رضا مندی کے بعد دفتر خارجہ نے سرحد کھولنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔ٹوٹیفکیشن کے مطابق پاک چین سرحد سخت ایس او پیز کے تحت کھولی جائے گی۔خیال رہے کہ پاک چین سرحد جنوری 2019 کو کورونا وبا کے باعث بند کر دی گئی تھی اس حوالے سے بتایا گیا کہ پاک چین سرحد بند ہونے سے 2 ہزار سے زائد تاجر اور سیکڑوں مزدور سخت مالی پریشانیوں سے دوچار ہوگئے تھے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق سرحد کھولنے کے لیے کسٹم، وفاقی تحقیقات ادارے (ایف آئی ای) اور انسداد منشیات کے تمام ملازمین کی ویکسینیشن مکمل کر لی گئی ہے۔اس ضمن میں ایک تاجر نے بتایا کہ چین سے سامان ڈرائی پورٹ کے بجائے بارڈر میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تجارت اور سفر معطل ہونے کے بعد دونوں ممالک میں سرحدی تجارت سے وابستہ سیکڑوں افراد کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔
اس سے قبل تجارتی اداروں نے حکومت سے اپیل کی تھی کہ وہ آئندہ سیزن سے تجارتی سرگرمیوں کے ہموار تسلسل کو یقینی بناتے ہوئے اپنے نقصانات کو کم کرنے کے لیے ایک طریقہ کار وضع کریں۔انہوںنے کہاکہ 2020 میں سرحد بند ہونے کے بعد سے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے متعلق شپمنٹس روکنے کے باعث خزانے کو 8 ارب روپے کے ریونیو کا نقصان ہوا۔