اسماعیلی کمیونٹی کی جانب سے پاکستان میں ماحولیاتی تحفظ کے لئے صفائی مہم کا آغاز
پاکستان میں اسماعیلی کمیونٹی نے، اسماعیلی CIVIC پروگرام کے تحت، عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر ہفتہ 5 جون کو ایک صفائی مہم "صاف خوشحال پاکستان (Clean and Prosperous Pakistan)-” کا آغاز کیا۔ ماحولیاتی تحفظ کے لیے، اسماعیلی اور دیگر کمیونٹیز کے باہمی اشتراک سے رضاکاروں نےملک بھر کے مختلف مقامات پر پلاسٹک ، کاغذ ، ردی ، کوڑا کرکٹ اور دیگر کوڑے دان کی صفائی کی۔ اس مہم کا مقصد ، صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنا اور شہری اور کمیونٹی ممبر کی حیثیت سے اجتماعی ذمہ داری کو فروغ دینا ہے۔
یہ اقدام اسماعیلی CIVIC کا حصہ ہے، جو ایک عالمی پروگرام ہے۔ اس پروگرام کے تحت دنیا بھر میں شیعہ اسماعیلی کمیونٹی جن معاشروں میں وہ رہتے ہیں ان کی معیار زندگی کو بہتر بنانے اور انسانیت کی خدمت کے لئے متحد ہوئی ہے۔ اسماعیلی سووک نے پاکستان میں ماحولیات کے تحفظ کو 2021 کا تھیم منتخب کیا ہے۔
اسماعیلی سوک کے زیر اہتمام اپر چترال کے ضلعی ہیڈکوارٹر بونی میں صفائی مہم اور واک کا اہتمام کیا گیا صفائی مہم کا آغاز آغا خان میڈیکل سنٹر بونی سے کیا گیا جہاں سے صفائی مہم کا انعقاد ہوا اور پھر وہاں سے اسماعیلی والنٹئرز واک اور صفائی کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال بونی آئے اور یہاں صفائی کا انعقاد کیا گیا ۔ اس واک کی قیادت پریذیڈنٹ نامدار ریجنل کونسل برائے اپر چترال امیتاز عالم نے کی جبکہ ان کے ساتھ سیکرٹری ریجنل کونسل اپر چترال جاوید احمد، اسماعیلی سوک اپر چترال کے کوارڈینیٹر میر وزیرخان ، اسماعیلی والنٹئیر کور اپر چترال کے میجر قربان علی ، نامدار اسماعیلی طریقہ بورڈ برائے اپر چترال کے چیرمین ڈاکٹر نثار احمد ، لوکل کونسل بونی کے پریذیڈنٹ اور ممبران موجود تھے ۔ واک کے اختتام پر ایک مختصر پروگرام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بونی کے سبزہ زادہ میں منعقد کیا گیا جس میں اسسٹنٹ کمیشنر مستوج شاہ عدنا ن بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ دیگر شرکاء میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر اپر چترال ڈاکٹر رحمت امان، ڈسٹرکٹ ایجوکشن افیسر ذوالفقار الملک، سب ڈویژنل پولیس آفیسر ہیڈکوارٹر بونی اپر چترال احمد عیسیٰ، میڈیکل سپرنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بونی ڈاکٹر فرمان ولی، ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول بونی سیف الرحمن شریک ہوئے ۔ اس موقع پر تمام ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس نے خطاب کیا جس میں ماحولیاتی تبدیلیوں اور صفائی کی اہمیت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اسماعیلی سوک کے اس مہم کو شاندار الفاظ میں سراہا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی اے سی مستوج شاہ عدنان نے کہا کہ ” اسماعیلی سوک نے ماحولیات کے حوالے سے جو اقدامات اٹھا رہے ہیں وہ قابل تحسین ے اور اس قسم کے کار خیر میں اپر چترال ضلعی انتظامیہ اسماعیلی کونسل اور اسماعیلی سوک کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرنے کو تیار ہے۔”
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میل اپر چترال ذولفقار الملک نے کہا کہ ” ہمیں اپنے ماحول کے ساتھ ساتھ اپنے من کی دنیا یعنی اپنے اندر کی دنیا کو بھی صاف کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ایک بہترین اور آئیڈیل معاشرےکا قیام عمل میں لایا جاسکے ۔”
پروگرام کے اختتام پر پریذیڈنٹ نامدار اسماعیلی کونسل برائے اپر چترال امتیاز عالم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ” ہم پر فرض ہے کہ دنیا جس حالت میں ہمیں ملی ہے اگر اس میں بہتری نہیں لاسکتے تو آنے والی نسلوں کو یہ دنیا اسی حالت میں سپرد کرنا چاہئے "۔
پریذیڈنٹ اسماعیلی کونسل اپر چترال نے پروگرام کے سارے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اسماعیلی سوک و اسماعیلی کونسل کے زیر اہتمام مستقبل میں بھی اسماعیلی کونسل اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی معاونت سے ایسے پروگرامات منعقد کرتے رہیں گے۔
اپریل کے ابتدائی مرحلے میں ، درخت سے حیات کے نام سے شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا تھا۔ جس کے تحت ، 7،000 سے زائد رضاکاروں اور کمیونٹی ممبرز نے پورے پاکستان میں 150 سے زیادہ مقامات پر 162،000 سے زائد درخت لگائے ۔