چار ہزار کیوسک پانی کے اخراج کی صورت میں نقصان کا اندیشہ کم ہے، خطرے کی صورت میں 30 گھرانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے گا،ڈی سی
گلگت (آئی این پی)گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ میں 7ماہ سے بند شیسپر گلیشیئر سے پانی کا اخراج شروع ہوگیا جب کہ حسن آباد نالے میں بھی پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،تین سال قبل شیسپر گلیشیئر کے سرکنے سے گلیشیئر کی دوسری جانب پہاڑوں کے درمیان ایک جھیل وجود میں آئی تھی جس سے گرمیوں کے دوران پانی کا اخراج ہوتا ہے جب کہ سردیوں میں پانی کا بہا رک جاتا ہے، اس سے گزشتہ اکتوبر سے پانی کا اخراج رک گیا تھا،ڈپٹی کمشنر ہنزہ فیاض احمد کے مطابق تمام حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں اور آبادی کو محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی دیوار بھی بنائی گئی ہے جب کہ کنٹرول روم بھی قائم کیاگیا ہے،انہوں نے کہا کہ اگلے 24 گھنٹے انتہائی اہم ہیں، چار ہزار کیوسک پانی کے اخراج کی صورت میں نقصان کا اندیشہ کم ہے، خطرے کی صورت میں 30 گھرانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے گا۔