پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کر رہا ہے

پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کر رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیلی علاقائی تعاون کے وزیر اوفیر اکونیس کے ایک بیان نے مسلم دنیا میں خاصی ہلچل مچائی ہے۔ جاری بیان میں اسرائیلی وزیر نے دعویٰ کیا ہے کہ جلد ایک بڑا اسلامی ملک اسرائیل کیساتھ تعلقات قائم کر لے گا۔ اس ملک کا نام ظاہر کرنے کی بجائے ان کا کہنا ہے کہ جس ملک کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، وہ بڑا مسلمان ملک ہے اور مشرق میں واقع ہے، تاہم یہ ملک پاکستان نہیں ہے۔بیس جنوری کو ٹرمپ کے اقتدار چھوڑنے سے پہلے پہلے ایک پانچویں مسلمان ملک سے سفارتی تعلقات قائم ہونے کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ اس اسلامی ملک کیساتھ تعلقات قائم کرنے کیلئے کام کیا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے امریکا ہی اعلان کرے گا کہ ایک اور ملک اسرائیل کے ساتھ عوامی سطح پر تعلقات قائم کرنے جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ اب تک چار اسلامی ممالک متحدہ عرب امارات، بحرین، سوڈان اور مراکش اسرائیل کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کر چکے۔اسرائیل نے امریکا کی ثالثی میں رواں برس ان چار مسلمان ملکوں سے سفارتی تعلقات قائم کیے۔ جبکہ یہ افواہیں بھی پھیلائی گئیں کہ پاکستان سے کچھ لوگوں نے اسرائیل کا دورہ کیا، تاہم وزیراعظم عمران خان کی حکومت دو ٹوک اعلان کر چکی کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کے حل تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔ جبکہ سعودی عرب اور انڈونیشیا کے حوالے سے بھی خبریں آئیں کہ یہ دونوں ممالک اسرائیل کیساتھ تعلقات قائم کر سکتے ہیں۔ یہ ممالک بھی ایسی خبروں کی تردید کر چکے۔ ان دونوں ممالک نے بھی واضح کیا ہے کہ آزاد و خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام تک اسرائیل کیساتھ تعلقات قائم کرنا ممکن نہیں۔   

تبصرے
Loading...