چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات
چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات برائےسال 2020-21 مکمل ہو گئے ۔ اور متفقہ طور پر ممتاز کاروباری و سیاسی شخصیت حاجی سلطان محمد صدر، لیاقت خان سنئیر نائب صدر ، صدرقذافی نائب صدرمنتخب کئے گئے ۔ جبکہ الحاج عیدالحسین کو ان کی بیرونی کاروباری و سیاحتی دوروں اوربزنس کمیونٹی کیلئے کئے
گئے خدمات کے اعتراف میں اعزازی طور پر ٹریڈ ایمبسڈر چن لیا گیا ۔ انتخابات صوبائی ممبر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سرتاج احمد خان کی زیر نگرانی انجام پائے ۔ انتخابات کے بعد چیمبر کی نئی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج احمد خان نے کہا ۔ کہ کابینہ کے جملہ عہدہ داران انتہائی باصلاحیت اور فروغ کاروبار کے حوالے سے وسیع وژن اور تجربہ رکھنے والے شخصیات ہیں ۔اس لئے امید ہے ۔ کہ کاروباری اور معاشی ترقی کیلئے موجودہ کابینہ کا کردار چترال کیلئے نیک فال ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا ۔کہ چترال میں موجودہ وقت میں شاندار کاروبار کے مواقع موجود ہیں ۔ اور مستقبل میں شاہ
سلیم اور ارندو اکنامک زون کے قیام کے بعد کاروبار کو مزید وسیع پیمانے پر ترقی ملے گی ۔ جس کیلئے کوششیں جاری ہیں ۔ اس لئے ضروری ہے ۔ کہ آنے والے وقت کیلئے بزنس کمیونٹی کے اندر اتفاق و اتحاد اور مربوط طریقے سے کاروبار کو وسعت دینے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔ اور انشا اللہ حکومت کے بھر تعاون سے ان مسائل پر قابو پایا جائے گا ۔ اس موقع پر نومنتخب صدر چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حاجی سلطان محمد و دیگر عہدہ داران نےان پر اعتماد کرنے پر تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا ۔ اور کہا ۔ کہ انشااللہ وہ اور ان کی کابینہ اپنے منصب کا پاس رکھتے ہوئے چترال
چیمبر کے استحکام اور ترقی کیلئے شب وروز محنت کریں گے ۔ اور بزنس کمیونٹی کے اعتماد پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ حاجی سلطان نے چترال چیمبر آف کامرس کو ایک فعال ادارہ بنانے کیلئے سابق صدر چیمبر چترال سرتاج احمد خان و دیگر پیش رو کی قربانیوں اور خدمات کی تعریف کی ۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا ۔ کہ چترال چیمبر آف کامرس کے نومنتخب کابینہ کی حلف برداری کل بروز جمعرات انجام پائے گی ۔ اور اس تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر لوئرچترال نوید احمد کابینہ سے حلف لیں گے