وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع اپر اور لوئیر چترال میں سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ

زیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع اپر اور لوئیر چترال میں سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ریشون اور گولین گول میں سیلاب سے متاثرہ مقامات کا معائنہ کیا اور نقصانات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر سیلاب زدگا ن میں امدادی چیک بھی تقسیم کئے اور متاثرین کیساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی جلد بحالی بھی یقینی بنائی جائیگی جسکا پلان تیار کیا جا چکا ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے چترال کے عوام کو ضلع اپر چترال کا تحفہ دیا، اس کی تعمیر و ترقی بھی یقینی بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ریشون میں سیلاب زدگان میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ چترال کا دوبارہ دورہ کریں گے اور اس کی ترقی و بحالی کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کریں گے۔ مولانا عبدالاکبر چترالی ،چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن، ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی تقریب میں موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو 9ستمبر تک ریشون پل تنصیب کرنے کی ہدایت کی ۔ مذکورہ آر سی سی پل جو حالیہ سیلاب سے تباہ ہوچکا تھا ، کی جگہ سٹیل پل تنصیب کیا جائیگا جو آج متعلقہ جگہ پر پہنچا دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت سیلاب سے متاثرہ عوام کو درپیش مشکلات کا نا صرف احساس رکھتی ہے بلکہ ان مشکلات کے خاتمے کیلئے پوری طرح متحرک بھی ہے۔ حالیہ سیلاب کے دوران حکومتی اداروں کا کردا ر قابل تحسین ہے ۔ محمود خان نے متاثرین کو یقین دلایا کہ سیلاب سے متاثرہ سڑکوں ، واٹر سپلائی سکیموں اور ایریگیشن چینل سمیت بحالی کے تمام کام تیز رفتاری سے مکمل کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا انہوں نے کل سوات میں سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور اسی مقصد کے تحت ضلع اپر اور لوئیر چترال کے دورے پر آئے ہےں۔ انہوں نے کہا کہ اگر موسم ٹھیک ہوا تووہ تورغر ، شانگلہ اور دیگر سیلاب زدہ علاقوں کا بھی دورہ کریں گے اور نقصانات کا جائزہ لیں گے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور بحالی کے پلان پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ ضرورت کے نان فوڈ آئیٹم اور راشن متاثرین میں پہلے سے تقسیم کئے جاچکے ہیںاور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے بھی پلان تیار ہے جس پر ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائیگا۔ چترال۔ بونی۔ مستوج روڈ کو فیڈرالائز ڈ کیا گیا ہے تاہم اسکی باقاعدہ ہینڈنگ ٹیکنگ اوور ابھی ہونی ہے۔ضلع اپر چترال کے دس نالوں میں سیلاب آیا ہے جن میں ریشون ، زئیت نالہ، کوراغ نالہ ،بونی نالہ، نصر گول، بریپ، مہتنگ، یارخون اور لشٹ نالہ شامل ہیں ۔ وزیراعلیٰ کو اس موقع پر تباہ شدہ سڑکوں ، پلوں ، واٹر سپلائی سکیموں ، دریاکے کنارے حفاظتی پشتوں، ایریگیشن چینل ، پروٹیکشن وال وغیرہ کی بحالی کیلئے پلان اور تخمینہ لاگت پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

تبصرے
Loading...