بالوں کو بھی شب بخیر کہئے – بالوں کی حفاظت

دن بھر آپ کام میں جتی رہ سکتی ہیں اور کبھی کبھار بالوں میں برش یا کنگھا کر لیتی ہیں خاص کر شام کے وقت یا پھر جب کوئی آنے والا ہو اور آپ کو تیار ہونا پڑے لیکن رات ایسا وقت ہے جب آپ پر سکون ہو کر صرف اپنے لئے چند لمحات مخصوص کر سکتی ہیں۔آپ نے کچن کا کام مکمل کر لیا ہوتا ہے۔بچوں کو اگر وہ سکول جاتے ہوں تو یونیفارم،بک،پانی کی بوتلیں اور صبح کے ناشتے کے ساتھ ساتھ بچوں کے لنچ کی بھی فکر نبٹا لی ہوتی ہے۔اب آپ سونے کے کمرے میں ڈھلتی رات کے خاص خاص کام کرتی ہیں مثلاً بستر جھاڑنا، سونے کے لئے مخصوص لباس پہننا، اگر میک اپ کیا ہو تو اسے صاف کرنا ،کوئی نائٹ کریم یا نائٹ ماسک لگانا اور بال سنوارنا، یہ تمام کام آپ کی روٹین کا حصہ ہوتے ہیں۔
سونے سے پہلے آپ پر سکون ہو کر اپنے آپ پر توجہ دیتی ہیں۔

اگر فلموں میں صبح بیدار ہونے والی ہیروئن کو سنوارے ہوئے بالوں کے ساتھ دیکھتی ہیں اور یہ کہہ کرسر جھٹک دیتی ہیں کہ ایسا تو فلموں میں ہی ہو سکتا ہے تو مان لیجئے کہ یہ بات سو فیصدی درست نہیں رات کا وقت خود کو تھکا کے بستر کے سپرد کرنے کا نام ہر گز نہیں۔اس وقت تو آپ کو اور بھی تازہ دم،جواں تر،پرکشش اور فکروں سے آزاد ہونا چاہئے وگرنہ آپ کی نیند بوجھل پن لئے ہو گی اور پریشان ہو کر سونا بھی صحت کے لئے اچھا نہیں۔جب آپ سونے سے پہلے بالوں میں کنگھی کرتی ہیں تو سر کی جلد میں موجود غدود اپنے افعال بہتر انداز سے استعمال کرتے ہیں،خون کی روانی بڑھتی ہے اور آپ کو اچھی اور پر سکون نیند آنے لگتی ہے۔ذیل میں چند مشورے دیئے جا رہے ہیں تاکہ آپ کو اپنے بالوں کو اقسام سے متعلق ہدایات کا علم رہے․․․
سیدھے بالوں کے لئے حفاظتی تہہ
آپ رات کو سونے سے آدھ گھنٹہ قبل اپنے بالوں کو سیرم لگایئے ہلکے ہاتھوں سے مساج کر لیا کریں اور سر کے وسطی حصے میں،بالوں کے درمیانی حصے اور پھر آخری سرے تک چٹکی بھر سیرم لگا کر بالوں کو مل لیں۔رات میں اگر آپ کو بال کھول کر سونے کی عادت نہیں تو انہیں ڈھیلا سا باندھئے،پونی ٹیل بنانا چاہتی ہیں تو ڈھیلی ڈھالی سی بنایئے۔ممکن ہے کہ جب آپ گہری نیند میں ہوں تو یہ پونی ٹیل کھل جائے اور پورے تکئے پر آپ کے بال پھیلے ہوں اس صورت میں آپ کو آرام تو ملے گااور علی الصبح بالوں کو ٹائٹ پونی ٹیل میں باندھنا بھی اچھا رہے گا۔
گھنگھریالے بالوں کے لئے خصوصی ہدایات
آپ رات کو سونے سے قبل بالوں میں سادے پانی سے اسپرے ضرور کر لیا کریں۔آپ کو گھنگھریالے بالوں کی وجہ سے قدرے زائد احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔آپ اگر سیرم میں تھوڑا سا ہیئر ملک ملا کر بالوں میں لگائیں گی تو بہتر نتائج مل سکتے ہیں ۔ہتھیلی پر 10 قطرے سیرم چٹکی بھر ہیئر ملک کریم لے کر اچھی طرح بالوں کے آخری سرے تک یہ مکسچر لگا لیں اس طرح پورے بالوں میں نمی آجائے گی اور بالوں کو افزائش کا موقع ملے گا۔آپ کے بال گھنے تو ہیں اب خوبصورت ، قدرتی طور پر نرم وملائم اور جاذب نظر بھی ہو جائیں گے۔
لہرئیے دار بالوں کے لئے مشورہ
آپ بھی بالوں کو نمی پہنچاتی رہا کریں پہلے سادے پانی سے اسپرے کریں پانی قدرے خشک ہو تو تھوڑا سا سیرم ہیئر ملک میں ملا کر سر کے وسطی،کانوں،اطراف کے بالوں تک جتنے بال ہوں وہ تمام مکسچر لگا لیں۔آپ بھی کھلے دندانوں والی کنگھی سے بالوں کو سلجھا کر ڈھیلی ڈھالی پونی بنا لیں یا چوٹی گوندھ کے سو جائیں اس طرح کی تدابیر سے آپ کے بال توانا بھی رہتے ہیں،نشوونما بھی پاتے ہیں اور آپ کو ذہنی سکون بھی ملتا ہے کہ آپ نے آپ اپنا خیال رکھا اور خدا کی اس نعمت کی قدر بھی کی اور دیکھ بھال بھی۔بالوں کو شب بخیر کہئے اور اگلی صبح آپ کی منتظر ہو گی

تبصرے
Loading...