رشکئی اسپیشل اکنامک زون کا جلد سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں

(نمائندہ قشقار نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے جہاں کاروبار میں آسانی کے اقدامات کے تحت خصوصی ڈیسک قائم کیا گیاہے وہیں نئی نظر ثانی شدہ صنعتی پالیسی بھی تیاری کر لی گئی ہے۔ کاروبار کے سازگار ماحول کی فراہمی سمیت ٹیکس کے نظام میں بھی اصلاحات لائی گئی ہیں اور دوہرے ٹیکس اور ڈیوٹیز کو ختم کیا گیاہے۔صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کی جانب سے صوبے میں کورونا کے بعد سرمایہ کاری کے مواقعوں کے حوالے سے وڈیو لنک اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے سی ای او حسن داؤد بٹ، چیمبر آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے ممبران اور کئی دیگر ماہرین نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی نظر ثانی شدہ صنعتی پالیسی 2020 تین اہم ستونوں پر مشتمل ہے۔ صوبے میں موجود بیمار اور کم پیداوار کے حامل صنعتی یونٹس کی بحالی و تجدید سمیت وہاں انفراسٹرکچر اور دیگر سہولیات کی فراہمی، صوبے میں اکنامک زونز کی ترقی، ٹیکنیکل اور تجربہ کار افرادی قوت کی نشوونما، صوبے میں قائم چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی حوصلہ افزائی خصوصاً نئے ضم شدہ اضلاع میں مالی و غیر مالی ترغیب کے ذریعے حوصلہ افزائی نئی نظر ثانی شدہ صنعتی پالیسی کے اہم نکات ہیں۔انہوں نے اجلاس میں یہ بتایا کہ کورونا کے بعد حالات بہتر ہوتے ہی رشکئی اسپیشل اکنامک زون کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا۔ صوبے میں کاروبار میں آسانی کے اقدامات کے تحت خصوصی سیل بھی قائم کر دیا ہے جو کہ وفاقی اور صوبائی اداروں جیسے کہ ایس ای سی پی، ایس این جی پی ایل اور لوکل گورنمنٹ کے ساتھ رابطہ رکھ کر کاروباری اور صنعتی طبقے کو سہولت فراہم کرے گا۔ صوبے میں سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے لیے 16 مختلف شعبوں میں لائسنسز، پرمٹس، این او سیز، رجسٹریشن اینڈ ٹیکسز وغیرہ جیسی 68 ریگولیشنز کو ڈی ریگولیٹ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا صوبے میںسرمایہ کاری کو خوش آمدید کہتی ہے اور کاروباری و صنعتی طبقے کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کا عزم رکھتی ہے۔

تبصرے
Loading...