پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا

دہشت گردوں کی گاڑی ایک پاکستانی ڈرامے میں بھی استعمال کیے جانے کا انکشاف، ڈرامہ جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر ہورہا ہے۔

کراچی (اُردو پوائنٹ رپورٹ) پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا، دہشت گردوں کی گاڑی ایک پاکستانی ڈرامے میں بھی استعمال کیے جانے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر ہوئے دہشت گرد حملے کی تحقیقات جاری ہیں اور اس دوران ایک نیا انکشاف ہوا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے کیلئے دہشت گردوں کی جانب سے جو گاڑی استعمال کی گئی، وہی گاڑی ایک پاکستان ڈرامے دیوانگی کی شوٹنگ میں بھی استعمال ہوئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ بی اے پی 629 نمبر پلیٹ والی نیلے رنگ کی ٹیوٹا کرولا گاڑی کراچی کے علاقے ہل پارک میں ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران استعمال ہوئی۔ یہ ڈرامہ گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل پر نشر ہوا، اس میں یہ گاڑی دکھائی دی۔

یہ گاڑی ہلاک کیے گئے ایک دہشت گرد کے نام پر تھی۔ اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ یہ گاڑی ایک ڈرامے کی شوٹنگ میں کیسے استعمال ہوئی۔

واضح رہے کہ 29 جون کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا، جسے ناکام بنا دیا گیا۔ اس حملے میں تمام دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے تھے، جبکہ حملہ ناکام بنانے کی کوشش میں 3 سیکورٹی گارڈز اور 1 پولیس اہلکار نے جام شہادت نوش کیا تھا۔ حملے کے دوران ہلاک کیے گئے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم بی ایل اے سے تھا، جب اس حملے میں بھارت کا ہاتھ بھی ملوث تھا۔ اس حملے کے بعد جہاں دنیا بھر کے ممالک کی جانب سے مذمت کی گئی، وہیں جمعرات کے روز اہم پیش رفت تب ہوئی جب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے بھی اس دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

تبصرے
Loading...