اپر چترال میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور بلاجواز لوڈ شیڈنگ
بونی( نمائندہ قشقار نیوز) اپر چترال میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور بلاجواز لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع کردیا گیا۔ تحریک حقوق عوام نے متعلقہ اداروں سے وجہ معلوم کرنے کی کوشش کی لیکن متعلقہ اداروں کے پاس کوئی ٹھوس جواز نہیں ہے۔ پانی وافر مقدار میں دستیاب ہے اور موسمی حالات بھی انتہائی موزوں ہیں۔ ذرائع کے مطابق لواری ٹاپ پر نیشنل گرڈ کے جو ٹاور متاثر ہوئے تھے وہ بھی تاحال بحال نہیں کیے جاسکے ہیں۔ اس صورتحال میں گولین گول پاور ہاؤس کا ایک فیڈر ہی پورے چترال کے لئے کافی ہے لیکن محکمہ واپڈا اور پیسکو عوام کو بلا وجہ تنگ کرکے احتجاج پر مجبور کررہے ہیں۔ تحریک حقوق عوام اپر چترال اہم۔این۔اے، ایم۔پی۔اے اور ڈپٹی کمشنر اپر چترال سے پر زور گزارش کرتی ہے کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیں اور بجلی کی بلا ناغہ سپلائی بحال کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ ہمارے ذرائع کے مطابق جوٹی لشٹ گرڈ اسٹیشن کے 2 ملازمین اس میں ملوث ہیں۔ انتظامیہ اور عوامی نمائندوں کو ان کے ناموں سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ اگر بلا جواز لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ فوراً ختم نہ کیا گیا تو تحریک حقوق عوام بھرپور احتجاجی مظاہروں کا حق رکھتی ہے اور اس معاملے میں کسی بھی رکاوٹ کو خاطر میں نہیں لائے گی۔